دیہات میں خوفناک ہواکے بگولے، ڑالہ باری

مریدکے (خصوصی رپورٹ)مریدکے کی سرحدی آبادی نارنگ منڈی کے دیہات میں خوفناک ہوا کے بگولوں اور شدید ڑالہ باری نے تباہی مچادی ،کروڑوں روپے مالیت کی گندم کی کھڑی فصل تباہ ہو گئی ،خوف کے مارے لوگوں نے اذانیں دینا شروع کردیں۔بتایا جاتا ہے جمعہ کی شام مریدکے کی سرحدی آبادی نارنگ منڈی میں اچانک سرخ اور کالے رنگ کے بادل نمودار ہوئے ، آندھی نما ہوا کے بگولوں کے ساتھ شدید ڑالہ باری شروع ہوگئی جس کی وجہ سے گا ئوں کرتو پنڈوری بھنڈری کالا خطائی ریلوے اسٹیشن مہتہ سوجا آہدایاں تھیمڑ وغیرہ کی گلیوں بازار وں شاہراہوں اورکھیتوں پر سفیدی چھاگئی ،بیس منٹ سے زائد کی ڑالہ باری اور ہوا کے بگولوں سے گندم کی کروڑوں روپے کی کھڑی فصل تباہ ہوگئی ،کئی علاقوں میں کچے مکانوں کی چھتیں گرنے کے واقعات کی بھی اطلاعات ہیں۔دیہاتوں کے لوگوں نے خوف کی وجہ سے اذانیں دینا شروع کردیں اوراستغفار کا ورد کرتے رہے۔