سحروافطارکے اوقات میںڈی آئی جی کے سرپرائز دورے

فیصل کامران نے محمود بوٹی رنگ روڈ پر جوانوں کے ساتھ روزہ افطار کیا
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے سحری وافطارکے اوقات میں سیکورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں میں سرپرائز دورے جاری ہیں۔ فیصل کامران نے نمازِ فجر کے دوران ہربنس پورہ میں مختلف علاقوں کا دورہ کر کے مساجد کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈیوٹی جوانوں سے ملاقات کی اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنزکا اس موقع پر کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں سپیشل سیکورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ شہر بھر کی 5059 مساجد کو سیکورٹی پلان کے مطابق کیٹیگری کے لحاظ سے سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ تمام افسران نمازیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں۔علاوہ ازیں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے محمود بوٹی رنگ روڈ پر جوانوں کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ انہوں نے روزے کی حالت میں لاہور کے انِٹری پوائنٹس سمیت دیگر اہم پوائنٹس پر ڈیوٹی دینے والے جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوان شہر کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ ڈیوٹی کو اولین فرض سمجھ کر اپنا آرام قربان والے جوان ہمارا فخر ہیں۔ فیلڈ میں روزہ رکھنے، فیلڈ میں ہی کھولنے والے جوان لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمازیوں کو فرض نمازوں سمیت نمازِ تراویح کے دوران بھی بھر پور سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ لاہور پولیس اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے