اگر حکومت نے 26نومبر جیسے ہتھکنڈے دوبارہ آزمائے تو اس بار بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائیگا،مشیر اطلاعات
پشاور(آئی این پی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ 5اگست حکومت کیلئے ایک بڑے سرپرائز کا دن ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ 5اگست کی تیاریوں کو دیکھ کر حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہے، عمران خان کی ہدایت پر خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں، خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے 26نومبر جیسے ہتھکنڈے دوبارہ آزمائے تو اس بار بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری، آئینی اور قانونی حق ہے، جسے کوئی طاقت نہیں چھین سکتی، ہم ہر قسم کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف قانونی اور سیاسی مزاحمت کریں گے۔