لاہور میں بس اسٹاپ پر خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سمن آباد میں ایک خاتون دفتر جانے کے لیے بس اسٹاپ پر کھڑی تھیں، جہاں ایک اوباش نوجوان نے نازیبا حرکات کرکے خاتون کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ خاتون نے فوری طور پر 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کی اور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو موقع پر روانہ کیا، جہاں پولیس نے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم پہلے بھی ایسی غیر مناسب حرکات میں ملوث رہا ہے۔پولیس نے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ خواتین کو کسی بھی ہراسانی یا ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر 15 پر کال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خواتین ویمن سیفٹی ایپ کے چیٹ فیچر یا ویڈیو کال کے ذریعے بھی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں۔