ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے سے قومی ادارے تباہی کی طرف گامزن کردیا ہے ،سابق امیر جماعت اسلامی
لوئیر دیر(آئی این پی ) جماعت اسلامی کے سابق مرکزی امیر وسابق سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم شہبازشریف کو کاغذی اور ڈمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے سے تمام قومی ادارے تباہی کی طرف گامزن کردیا ہے ،صاف اور شفاف انتخابات ناگزیز ہے جبکہ بدامنی کے باعث ملک میں حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں ایک مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔افطار ڈنر سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا اسد اللہ اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک شیر بہادر خان بھی خطاب کیا۔سراج الحق نے کہاکہ معاشرہ میں جو اس وقت بگاڑ موجود ہے وہ صرف اور صرف قران پاک سے دوری اور اسلامی نظام کی عدم نفاذ ہے ۔انھوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسوں کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے اور آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے ملک کے قومی اداروں کو دائو پر لگا دیا گیا ہے جبکہ ملک میں جاری بدامنی کے باعث ہر طرف افراتفری ہے ،حکومت اور اسٹبلیشمنٹ دونوں ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔سراج الحق کا کہناتھا کہ گذشتہ 45سالوں سے ملک مکمل طورپر آگ کی لپیٹ میں ہے اور اس میں اضافہ ہو رہاہے جبکہ ایک منظم سازش کے تحت پختونوں کا قتل عام جاری ہے جس کا کوئی پوچھننے والا نہیں ۔سراج الحق نے کہاکہ عملًا حکومت کی رٹ ختم جبکہ ترقی کا پہیہ رکا ہوا ہے جس سے عوام کے مسائل اور مہنگائی میں روزبروز اضافہ ہوتاجارہاہے ۔ انھوں نے کہاکہ صاف اور شفاف الیکشن ناگزیز ہے اور عوام کی مسائل کا واحد حل اصل جمہوریت میں ہے جو کسی کے تابع نہ ہو۔