وفاقی محتسب آفیشل وٹس ایپ چینل کا آغاز لوگوں کی شکایات کے فوری و مفت ازالے کے لئے پر عزم ہیں:اعجاز قریشی

 سوشل میڈ یاکے مختلف پلیٹ فا رمز پر فعال موجودگی ادارے کے بارے میں بیدا ری پیدا کر نے اور عام لوگوں تک اس کی رسائی اور رابطے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی
 حکومتی اداروں کی انتظامی زیا دتیوں سے پریشان کوئی بھی شخص اپنی شکایت کے فوری اور بلا معاوضہ ازالے کے لئے اس دفتر سے رجوع کر سکتا ہے،وفاقی محتسب
       اسلام آباد( پبلک نیوز) وفاقی محتسب اعجاز احمد قر یشی نے کہا ہے کہ ان کا دفتر وفاقی حکومت کے اداروں میں بدانتظامی سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لئے پرعزم ہے اور ادارے کے کردار اور کام کے دائرہ کار کے بار ے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔ وفاقی محتسب اعجا زاحمد قر یشی نے ان خیا لات کا اظہار گذ شتہ روز وفاقی محتسب سیکر ٹر یٹ میں آفیشل وٹس ایپ چینل کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کی انتظامی زیا دتیوں سے پریشان کوئی بھی شخص اپنی شکایت کے فوری اور بلا معاوضہ ازالے کے لئے اس دفتر سے رجوع کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ سال 2024ء کے دوران 2 لاکھ 26ہزار 372شکایات موصول ہو ئیں جن میں سے 2لاکھ 23ہزار198 شکایات کا 60 دن کی قانونی مدت کے اندر ازالہ کیا گیا اور 93.21 فیصد فیصلوں پر عملد رآ مد بھی ہو گیا جبکہ 2023ء میں یہ شرح 85.7 فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہنچ اور رسائی کو بڑھانا اس دفتر کی ہمیشہ سے اولین تر جیح رہی ہے۔ 1983ء کے بعد سے ادارے میں نمایاں تو سیع ہو ئی ہے جب اس نے صوبائی دارالحکومتوں میں صرف چار علاقائی دفاتر کے ساتھ کام شروع کیاتھا جو، اب آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت 24 بڑے شہروں میں مو جود ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے علاقائی دفاتر کے قیام اورا نفا رمیشن ٹیکنا لو جی کے استعمال نے شکایات سے نمٹنے میں مزید موثریت متعارف کرائی ہے۔ اب  عام لوگوں کے لئے اپنی شکایات درج کرانے کے لئے متعدد ذرائع دستیاب ہیں جن میں ویب سائٹ، موبائل فون، ای میل، زوم لنک کے ذریعے سماعت وغیرہ شا مل ہیں جو شکایت کنندگان کو اس دفتر کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات سے فائدہ اٹھانے کے لئے آسان رسائی فراہم کرتے ہیں۔وفاقی محتسب نے سول سوسائٹی اور میڈ یاکو ادارے کی سر گر میوں کے بار ے میں اپ ڈیٹ رہنے کے لئے آ فیشل وٹس ایپ چینل کو فالو کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سوشل میڈ یاکے مختلف پلیٹ فا رمز پر فعال موجودگی ادارے کے بارے میں بیدا ری پیدا کر نے اور عام لوگوں تک اس کی رسائی اور رابطے بڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی۔