شامی حکومت کا بشارالاسد کے حامیوں کیخلاف آپریشن ختم کرنے کا اعلان

 اہم سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور مرکزی شاہراہوں کو باغیوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ،ملک کو دوبارہ خانہ جنگی کی طرف دھکیلا نہیں جائیگا،ترجمان وزارت دفاع
 دمشق (آئی این پی )شام کی حکومت نے بڑے پیمانے پرہلاکتوں کے بعد معزول صدر بشارالاسد کے حامیوں کے خلاف فوجی آپریشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی وزارت دفاع نے گذشتہ روز معزول صدر بشار الاسد کی ملیشیا کے خلاف آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کیا۔ ترجمان وزارت دفاع نے بتایا کہ اہم سرکاری تنصیبات، عمارتوں اور مرکزی شاہراہوں کو باغیوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ ملک کو دوبارہ خانہ جنگی کی طرف دھکیلا نہیں جائے گا۔یاد رہے کہ شام میں سکیورٹی فورسز اور بشار الاسد کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں میں پچھلے 4 روز کے دوران 1300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 231 سکیورٹی اہلکار اور بشار الاسد کے حامی 250 جنگجو بھی شامل ہیں۔