اقوام متحدہ، نیدر لینڈز،سعودی عرب ، قطر کا غزہ میں بجلی بحال کرنے کا مطالبہ

بجلی کاٹنے کااسرائیلی اقدام ناقابل قبول، عالمی برادری فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کرے
نیویارک؍ جدہ؍دوحہ (آئی این پی )اقوام متحدہ ،سعودی عرب اور قطر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بجلی کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ایندھن اور انسانی امداد سمیت کچھ بھی داخل نہیں ہونے دے رہا۔اس کے علاوہ نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ نے بھی اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل روکنا عالمی قوانین کے خلاف قرار دیا۔دوسری جانب یمن کے حوثیوں نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ ختم نہ کیا تو بحیرہ احمر میں حملے دوربارہ شروع کردیں گے۔سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے فلسطینی عوام پر اجتماعی سزا کا نفاذ قابل مذمت ہے اور اسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔قطری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ غزہ کی بجلی کاٹنے کا اقدام بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کرے۔