پاکستان، نیدر لینڈ کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں:امیرمقام

نیدرلینڈ حکومت مختلف ترقیاتی پروگراموں میں 75سالہ طویل شراکت داری جاری رکھنے کی خواہشمند ہے،سفیرہینی 
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان نیدر لینڈ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔وفاقی وزیر امیر مقام سے پاکستان میں نیدرلینڈ کی سفیر ہینی فوکل دی ورائیس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان اور نیدر لینڈ کے درمیان دوطرفہ اور تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان نے گذشتہ کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پرنیدر لینڈ کی سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے طویل تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاکستان میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں 75 سالہ طویل شراکت داری جاری رکھنے کی خواہشمند ہے۔