پینٹاگون میں اچانک الارم، ملازمین میں خوف، جزوی لاک ڈاؤن نافذ

پینٹاگون میں اچانک الارم، ملازمین میں خوف، جزوی لاک ڈاؤن نافذ

واشنگٹن میں امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) میں فضائی معیار سے متعلق ایک وارننگ کے بعد مختصر وقت کے لیے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، تاہم بعد ازاں جانچ میں یہ اطلاع غلط ثابت ہوئی اور معمول کی سرگرمیاں بحال کر دی گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ممکنہ فضائی آلودگی یا خطرناک مادے کی موجودگی کے خدشے کے باعث فوری طور پر حفاظتی اقدامات کیے گئے۔ اس دوران عمارت کے بعض حصوں میں موجود ملازمین کو اپنی جگہوں پر رہنے کی ہدایت دی گئی جبکہ کچھ افراد کو احتیاطاً عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔یہ جزوی لاک ڈاؤن ورجینیا کے شہر آرلنگٹن میں واقع پینٹاگون کی کچھ راہداریوں تک محدود تھا۔ ہنگامی ٹیموں نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا اور ممکنہ خطرے کی تحقیقات شروع کیں۔پینٹاگون کے ترجمان شان پارنل کے مطابق ابتدائی الرٹ کے بعد عمارت کا معائنہ کیا گیا، تاہم بعد کے ٹیسٹوں سے واضح ہوا کہ کسی خطرناک مادے کی موجودگی نہیں تھی۔ حکام کے مطابق یہ غلط الارم غالباً سینسر کی خرابی کے باعث جاری ہوا۔تمام جانچ مکمل ہونے کے بعد پینٹاگون میں معمول کی سرگرمیاں بحال کر دی گئیں اور ملازمین کو دوبارہ دفاتر میں کام شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔