2 مقابلوں میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقوں کوٹ لکھپت اور ہیئر میں پولیس کے ساتھ ہونے والے دو الگ الگ مقابلوں میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع پولیس کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے تہت روڈ پر سنیپ چیکنگ کے دوران تین مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی اور تعاقب کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہیایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزم سے پستول اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان چند روز قبل کوٹ لکھپت سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھیننے اور تھانہ ہیئر کے علاقے میں شہری سے نقدی لوٹنے اور اسے زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب ہیئر کے علاقے تتلے روڈ پر ناکہ بندی کے دوران دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کیا اور فائرنگ رکنے کے بعد ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت ارسلان کے نام سے ہوئی ہیایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق گرفتار ڈاکو سے اسلحہ برآمد ہوا ہے اور وہ ڈکیتی، رابری اور چوری کے 80 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلا۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔ پولیس کی جانب سے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔