پاسکو کے علاوہ ہماری ضرورت کے آٹے اور گندم کی ترسیل یقینی بنائی جائے:گورنر خیبرپختونخوا
اسلام آباد (آئی این پی)گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ پاسکوکے ذریعے خیبرپختونخوا کو گندم فراہمی کے احکامات پر وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ خیبرپختونخوا کو 36 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے ،پاسکو کے ذریعے وزیر اعظم نے دو لاکھ میٹرک ٹن گندم کی منظوری دی ہے،باقی گندم کی پنجاب سے فری ترسیل ابھی تک رکی ہوئی ہے ۔ گورنر فیصل کنڈی نے کہاکہ پنجاب سے ملحق نو چیک پوسٹوں سے خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹا نہیں دیا جارہا،آئین اور نئی گندم پالیسی کے تحت آٹے اور گندم کی مفت ترسیل ہمارا حق ہے ،وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب چیک پوسٹوں کی صورتحال کا نوٹس لیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پاسکو کے علاوہ ہماری ضرورت کے آٹے اور گندم کی ترسیل یقینی بنائی جائے ،صوبہ کے عوام کو سستے آٹے اور گندم کے حق سے محروم نہ رکھا جائے ۔