بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں شروع

مرکزی تقریب کل 5 نومبر کو منعقد ہوگی ، بھارتی یاتریوں کی آج پاکستان آمد
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کاگوردوارہ جنم استھان کا دورہ ،انتظامات کاجائزہ
لاہور (خصوصی رپورٹ)متروکہ وقف املاک بورڈ اور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ انتظام سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن (پرکاش گرپورب)کی تقریبات گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اکھنڈ پاٹھ صاحب کی رسومات سے باقاعدہ طور پر شروع ہو گئیں ،امریکہ ،کینی?ڈا ، آسٹریلیا و دیگر مغربی ممالک اور اندرون ملک سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بھارتی سکھ یاتری آج 4 نومبر کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہوں گے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔دریں اثناء￿  چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے گزشتہ روز گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا اورگورو دوارہ کے اطرف سکیورٹی انتظامات، صفائی اور سکھ یاتریوں کیلئے دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دوسری جانب ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے سکیورٹی ونگ اور شرانئز کی ٹیم کے ہمراہ واہگہ بارڈر پر فراہم سہولیات کا از سر نو جائز ہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تقریبات میں شرکت کیلئے بھارتی یاتری آج واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے،10 روزہ مذہبی دورہ مکمل ہونے پر 13 نومبر کو واپس روانہ ہوں گے۔