ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نمازِ جنازہ ‘وزیراعظم ‘ فیلڈ مارشل کی شرکت

نماز جنازہ چکلالہ میں ادا کی گئی‘وطن کے دفاع اور سلامتی کیلئے پاک افواج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی:وزیراعظم 
راولپنڈی(آن لائن)مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء  کی نمازِ جنازہ چکلالہ میں  ادا، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی شرکت، وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء  کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاک افواج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق مظفرآباد میں پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کی نمازِ جنازہ ا چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہداء  کے اہل خانہ اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔دو مسیحی شہداء￿  کی آخری رسومات اس سے قبل راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں ادا کی گئیں، جن میں سیاسی اور عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء￿  کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاک افواج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء￿  کی فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔