اسلام آباد(آن لائن)وفاقی آئینی عدالت نے مونال ریسٹورنٹ کی بندش کیخلاف سی ڈی اے کی نظرثانی درخواست پر سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی ہے جبکہ دوسری جانب وفاقی حکومت نے مونال ریسٹورنٹ مسمار کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی حمایت کر دی تاہم وفاقی آئینی عدالت نے مونال ریسٹورنٹ فوری کھولنے کی استدعا مسترد کر تے ہوئے مونال ریسٹورنٹ مسمار کرنے کے سپریم کورٹ فیصلے پر سوالات اٹھا دیے ہیں ۔جسٹس حسن رضوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہاکہ وکلا کے اتفاق سے تو عدالتیں نہیں چلتیں، جس قسم کا سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے وہ اتفاق رائے سے نہیں ختم ہوسکتا، عدالتی حکم واپس لینے کیلئے تفصیلی فیصلہ دینا پڑے گا، سپریم کورٹ کی طرح کسی پر اپنا فیصلہ تھوپنا نہیں چاہتے، آپ چاہتے ہیں ہم بھی سپریم کورٹ کی طرح فریقین کو سنے بغیر فیصلہ کر دیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی ۔