اداکار راشد محمود رحیم یار خان میں اغوا، قیمتی سامان اور دستاویزات سے محروم

 اداکار راشد محمود رحیم یار خان میں اغوا، قیمتی سامان اور دستاویزات سے محروم

رحیم یار خان: پاکستان کے اداکار راشد محمود کو ضلع رحیم یار خان کے علاقے روجھان میں اس وقت اغوا کر لیا گیا جب وہ ایک نجی دورے پر جنوبی پنجاب کی طرف جا رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے اداکار کی گاڑی کو روک کر انہیں زبردستی اغوا کیا اور ان سے قیمتی سامان، نقدی، موبائل فونز اور اہم سرکاری و نجی دستاویزات چھین لیے۔ واقعے کے دوران مزاحمت پر ان کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔ اغوا کے بعد ملزمان راشد محمود کو کچھ گھنٹوں بعد ویران علاقے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔راشد محمود کو مقامی افراد نے شناخت کیا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اداکار کو طبی معائنے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ تاہم، وہ شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہیں۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ قریبی علاقوں میں سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موبائل کال ڈیٹا کی مدد سے مجرموں کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔اداکار راشد محمود کے اہل خانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے اور ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔یاد رہے کہ راشد محمود پاکستان ٹیلی وژن اور فلم انڈسٹری کے معتبر نام ہیں، جنہوں نے دہائیوں تک فن کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر شوبز حلقوں نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔