پاکستان کے اداکار اور ماڈل حسن احمد نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اپنی زندگی کے سب سے تلخ تجربے کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں 35 دنوں کے لیے اغوا کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ ان کے اور ان کے خاندان کے لیے بہت مشکل اور صدمہ انگیز تھا۔حسن احمد، جنہیں شائقین ان کی زبردست اداکاری اور کرداروں کے لیے پسند کرتے ہیں، نے اپنی زندگی، ناکامیوں اور ذہنی صحت کی جدوجہد کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح سے انہیں اغوا کے دوران اندھیرے میں رکھا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کی جان بچانے کے لیے سخت محنت کی۔ یہ ایک بہت ہی مشکل اور ہولناک تجربہ تھا جس سے نکلنے کے لیے انہوں نے بہت محنت کی۔اداکار نے اپنے اغوا کے دنوں میں احساس کیا کہ شاید انہوں نے اپنی زندگی میں کچھ غلط کیا ہے، اسی لیے یہ سب کچھ ہورہا ہے۔
انہوں نے فیصلہ کیا کہ اگر وہ بچ گئے تو باہر آکر سب سے معافی مانگیں گے۔ جب وہ گھر واپس پہنچے، تو اپنی ذہنی حالت کی نازک سطح کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنے خاندان کے افراد اور گھر کے کام کرنے والوں سے بھی معافی مانگی۔ اس واقعہ کے بعد ان پر گہرا اثر پڑا اور صحت یابی میں انہیں کچھ وقت لگا۔حسن احمد کا یہ انکشاف ان کی زندگی کے ایک تاریک اور مشکل مرحلے کی عکاسی کرتا ہے، جس سے وہ اب بھی گزر رہے ہیں اور اپنی ذہنی صحت کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔