اداکار منیب بٹ کے خلاف اغوا برائے تاوان کیس، عدالت میں پیشی

اداکار منیب بٹ کے خلاف اغوا برائے تاوان کیس، عدالت میں پیشی

اداکار منیب بٹ کے خلاف درج اغوا برائے تاوان کے مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی، جہاں عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق ائیرپورٹ پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں منیب بٹ کو نامزد کیا گیا ہے، جو 23 اپریل کو متعال خان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں الزام ہے کہ منیب بٹ اور دیگر ملزمان نے مبینہ طور پر مدعی کو اغوا کیا اور اس دوران اس کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی منتقل کی گئی۔پولیس کے مطابق تحقیقات میں یہ بھی مؤقف سامنے آیا ہے کہ مبینہ طور پر رقم کی منتقلی کے بعد متاثرہ شخص کو کورنگی کے علاقے میں چھوڑ دیا گیا۔

سماعت کے دوران منیب بٹ نے عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست دائر کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک حفاظتی ضمانت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ عدالت نے آئندہ پیشی پر تفتیشی پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔یہ مقدمہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔