حافظ آباد زیادتی کیس: ملزم کے پولیس مقابلے میں مارے جانے کا خدشہ، درخواست دائر

لاہور (آئی این پی )حافظ آباد میں خاتون کو شوہر کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس میں نیا موڑ، ایک ملزم کے بھائی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔درخواست گزار محمد اعظم نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اس کے بھائی اکرام کو پولیس نے خاتون سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا ہے، تاہم اسے جعلی پولیس مقابلے میں مارنے کا خدشہ ہے۔درخواست میں انسپکٹر جنرل پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کو حکم دیا جائے کہ وہ ملزم اکرام کو عدالت میں پیش کرے اور اس کی ممکنہ ماورائے عدالت ہلاکت کو روکا جائے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اس سے قبل اسی کیس میں ملوث تین ملزمان خاور منصب، خاور فیاض اور لئیق کو پولیس مقابلے میں مارا جا چکا ہے، جس سے خدشہ ہے کہ اکرام کو مارا جا سکتا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے درخواست کو ابتدائی سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے۔