پاک امریکا تعلقات، علاقائی امن، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، تعلیمی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا
لاہور (سپیشل رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے امریکا کی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کے دورہ اسمبلی کو خوش آئند قرار دیا۔اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے نٹالی بیکر کے پاکستان میں مثبت اور متحرک کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اس امر پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے امریکا کا فعال اور تعمیری کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، علاقائی امن، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، تعلیمی تعاون اور دیگر شعبوں میں باہمی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں، جب کہ پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان پْل کا کردار ادا کر رہی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزیدکہا کہ پاکستان امریکا کو موسمیاتی تبدیلی، ترقی اور فوڈ سکیورٹی کے تناظر میں ایک اہم عالمی شراکت دار سمجھتا ہے اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے اور جمہوری اداروں و پارلیمانی تبادلوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی افتخار چھچھڑ، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری برائے سپیکر عماد حسین بھلی اور ملک تیمور احمد خاں بھی موجود تھے۔