واہ کینٹ میںتین مشکوک موٹر سائیکل سواروں نے روکے جانے پر فائرنگ کردی،کانسٹیبل سجاد شاہ موقع پردم توڑ گیا
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)تھانہ واہ صدر کی حدود میں مبینہ ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار سجاد شاہ شہید ہوگئے۔راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے گلشن انوار واہ کینٹ میں تین مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی اور اسی دوران ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک گولی کانسٹیبل سجاد شاہ کو لگی جو شدید زخمی ہوئے اور موقع پر شہید ہوگئے۔بیان میں کہا گیا کہ پولیس ٹیم تھانہ چکری، تھانہ ریس کورس اور تھانہ واہ صدر کی حدود سے چھیننے جانے والے موٹر سائیکلوں کے بعد ناکہ بندی پر تھی۔ شہید کانسٹیبل ایس ایچ او واہ صدر آفتاب شاہ کے چھوٹے بھائی تھے۔پولیس نے علاقے کو حصار میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ شہید سجاد شاہ کی میت کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔