گوادر: گھر پر دستی بم حملہ،3 افراد زخمی،حملہ آور ہلاک، اہلکارشہید

پولیس نے فرار ہونے والے حملہ آوروں کو گھیر لیا،محمد خماری فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرگیا
 گوادر(آئی این پی ) گوادر میں ایک گھر پر دستی بم حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی فوری کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا ، ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ دہشت گردوں نے گوادر میں بلال مسجد کے قریب ایک گھر پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فرار ہونے کی کوشش کرنے والے حملہ آوروں کو گھیر لیا۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس نے فرار ہونے والے حملہ آوروں کو پکڑ لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ان میں سے ایک مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جب کہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔حکومتی ترجمان نے کہا کہ پولیس اہلکار محمد خماری فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوئے، ہلاک حملہ آور کی شناخت شاہجہان، زخمی کی شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔