خوشاب کے علاقے چوک جوڑا کلاں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک آوارہ کتے نے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے پانچ بچوں پر حملہ کر دیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے معمول کے مطابق گھر سے باہر کھیلنے میں مصروف تھے۔ اچانک ایک آوارہ کتا وہاں پہنچا اور یکے بعد دیگرے پانچ بچوں کو کاٹ کر زخمی کر دیا۔زخمی بچوں کو فوری طبی امداد دینے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام بچوں کی عمر 4 سے 7 سال کے درمیان ہے اور انہیں کتے کے کاٹے کی ویکسین دی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ جانے دیں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں آوارہ کتوں کی موجودگی کی شکایات ہیں۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔