کراچی میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے مسئلے نے ایک بار پھر شہریوں کو خوفزدہ کر دیا ہے، جہاں ایک ریبیز زدہ کتے نے ایک ہی دن میں 20 شہریوں کو کاٹ لیا۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ کتے نے نہ صرف انسانوں بلکہ دیگر کتوں کو بھی کاٹا۔ زخمی ہونے والوں میں بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر انڈس اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں بروقت طبی امداد فراہم کی گئی اور اینٹی ریبیز ویکسین لگائی گئی۔انڈس اسپتال کے ترجمان کے مطابق علاقے کے مکین ریبیز زدہ کتے کی موجودگی کے باعث شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔
دوسری جانب انڈس اسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک 8 افراد ریبیز کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ سال 2025 کے دوران اب تک 16 ہزار 500 سے زائد ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔شہریوں نے حکومت اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خاتمے اور ریبیز سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔