تل ابیب: اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا بل مسترد کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی حکومت ایک بار پھر بچ گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ میں 120 ارکان میں سے 61 نے بل کے خلاف جبکہ 53 نے حمایت میں ووٹ دیا۔ اپوزیشن کی کوشش تھی کہ وہ نیتن یاہو کے خلاف، خاص طور پر یہودیوں کی لازمی فوجی بھرتی جیسے متنازع معاملے پر حکومت کی ناراض اتحادی جماعتوں کو اپنے ساتھ ملا کر قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار کرے، تاہم یہ حکمت عملی کامیاب نہ ہو سکی۔نیتن یاہو کی قیادت میں حکومتی اتحاد نے بل کی مخالفت میں متحد ہو کر ووٹ دیا، جس سے اپوزیشن کی کوشش ناکام ہو گئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق قانون کے مطابق اب اپوزیشن کو ایسا بل دوبارہ پیش کرنے کے لیے کم از کم چھ ماہ انتظار کرنا پڑے گا۔