لاہور کے علاقے ہڈیارہ میں زمین کے تنازع پر پیش آنے والے دوہرے قتل کے واقعے کی تفتیش میں سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم ایلیٹ فورس کا حاضر سروس کانسٹیبل اعجاز مجید نکلا، جس نے سرکاری اسلحے کا استعمال کرتے ہوئے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر مخالفین پر اندھا دھند فائرنگ کی۔پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتولین اور ملزمان کے درمیان زمین کی تقسیم کا دیرینہ تنازع چل رہا تھا، جس پر جھگڑے کے دوران اعجاز مجید اور اس کے بھائی نے فائرنگ کر دی۔ واقعے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔واقعے کے بعد دونوں بھائی جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔