پنجاب میں گرمی اور حبس برقرار، مون سون کا سسٹم فعال، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب میں گرمی اور حبس برقرار، مون سون کا سسٹم فعال، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب میں شدید گرمی اور حبس کی کیفیت بدستور قائم ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ مون سون بارشوں کا سسٹم صوبے میں تاحال موجود ہے۔

 لاہور میں خشک موسم کے باعث درجہ حرارت اور حبس کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں اور موسم گرم و خشک رہے گا۔دوسری جانب، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 17 جولائی تک کے لیے مون سون بارشوں اور تیز ہواؤں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق راجن پور کے برساتی نالوں میں طغیانی کی صورتحال تھی، تاہم اب پانی کا بہاؤ معمول پر آ رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق:

چھاچھڑ سے 37,200 کیوسک،
پتوک رودکوہی سے 11,309 کیوسک،
زنگی رودکوہی سے 10,739 کیوسک،
اور سوری شمالی سے 8,350 کیوسک سیلابی ریلے گزرے ہیں۔
خوش قسمتی سے رات کے وقت گزرنے والے ان سیلابی ریلوں سے کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ تاہم، دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے اور تربیلا، کالاباغ، تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا تیسرا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہے گا جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔