نیویارک(آئی این پی ) امریکا میں فلسطین کے حامی مظاہروں کے نمایاں رہنما محمود خلیل نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف 20ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ۔محمود خلیل کا کہنا ہے کہ انہیں غیرقانونی طور پر گرفتارکرکے حراست میں رکھا گیا اور ملک بدر کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ انہیں اور ان کے خاندان کو خوفزدہ کیا جا سکے۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق محمود خلیل کی جانب سے درخواست سینٹر فار کونسٹی ٹیوشنل رائٹس کے تعاون سے جمع کرائی گئی ہے۔ دعوے میں کہا گیا ہے کہ خلیل کو شدید ذہنی اذیت، مالی نقصان اور عزت و شہرت کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔خلیل نے کہامیرے 104دن ضائع ہوئے، میں اپنی بیوی سے دور رہا، اپنے پہلے بچے کی پیدائش بھی نہ دیکھ سکا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ طاقت کے ناجائز استعمال پر جواب طلبی ہو۔