جہاں عورتیں خوف یا خاموشی کی زندگی گزاریں وہ معاشرے ترقی نہیں کر سکتے
ریاست پاکستان تمام خواتین اور بچیوں کی عزت، حقوق اور حفاظت کے لئے پرعزم ہے
اسلام آباد (آئی این پی )خاتونِ اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کی آواز اہم ہے، ان کا تحفظ اور خواب اہم ہیں،یہ بات انہوں نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے بین الاقوامی دن پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔ آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جہاں عورتیں خوف یا خاموشی کی زندگی گزاریں، وہ معاشرے ترقی نہیں کر سکتے، ریاستِ پاکستان تمام خواتین اور بچیوں کی عزت، حقوق اور حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سزا سے بچ جانے کی ثقافت کو ختم کرنا انصاف کے لیے ضروری ہے، متاثرہ خواتین کے لیے بہتر مدد اور ہر سطح پر جوابدہی کے لیے مزید سخت قوانین اور ان پر عمل درآمد ضروری ہے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں تعصب کے مقابلے میں احترام، خاموشی کے مقابلے میں ہمت اور غفلت کے مقابلے میں جوابدہی کو چننا ہو گا، آئندہ نسلوں کے لیے ایک زیادہ محفوظ اور زیادہ برابر معاشرے کا قیام ناگزیر ہے