بلوچستان میں قتل ہونے والے پنجاب کے9شہری سپردخاک

مقتولین کا تعلق  لاہور، گجرات، خانیوال، گوجرانولہ، لودھراں، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ سے ہے
 لاہور کا رہائشی  جنید 5 روز قبل  بیوی ‘ بچوں کو سسرال چھوڑنے کوئٹہ گیا تھا‘دہشت گردوں نے جان لے لی
 خونریزی کی گھنائونی سازش ہے:صدر آصف  زرداری‘بے گناہ افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا: شہبازشریف 

ڈیرہ غازی خان(مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی) بلوچستان میں شناختی کارڈ دیکھ کر قتل کیے جانے والے 9 پنجابی مسافروں کی نعشیں بلوچستان پنجاب سرحد پر وصول کر کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔ شہید کیے جانے والوں کا تعلق  لاہور، گجرات، خانیوال، گوجرانولہ، لودھراں، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ سے ہے۔انتظامیہ نے بتایا  2 بھائی جابر اور عثمان کا تعلق لودھراں کی تحصیل دنیاپور سے تھا، دونوں بھائی اپنے والد کے جنازے میں شرکت کے لیے بلوچستان سے آرہے تھے، ان کو گھر کی خواتین اور بچوں کے سامنے بس سے اتارا اور پہاڑوں پر لے جا کر قتل کردیامحمد عرفان کا تعلق ڈی جی خان، صابر کامونکی گوجرانوالہ، محمد آصف مظفرگڑھ اور غلام سعید کا تعلق خانیوال سے تھا، محمد جنید کا تعلق لاہور، محمد بلال کا اٹک اور بلاول کا تعلق گجرات سے تھا۔مظفر گڑھ کے محمد آصف کی 3 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی،  خانیوال کا غلام سعید اپنے بیمار والد کی تیمار داری کے لیے واپس آرہا تھا، غلام سعید کے ٰ بچے ہیں، سب سے چھوٹی بیٹی کی عمر صرف 4 ماہ ہے۔ کامونکی کا صابر بلوچستان میں پکوان سینٹر پر کام کرتا تھا، وہ گھر کا واحد کفیل اور 15 سال سے بلوچستان میں کام کر رہا تھا، صابر کے 4 بچے ہیں اور وہ بچوں سے ملنے کے لیے کامونکی گوجرانوالہ آرہا تھا۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والا  لاہور کا رہائشی جنید بھی شامل ہے۔محمد جنید انصاری کے والد افتخار انصاری کا کہنا ہے کہ جنید 5 روز قبل اپنے بیوی اور بچوں کو سسرال چھوڑنے کوئٹہ گیا تھا۔ جنید گزشتہ روز واپس لاہور آرہا تھا کہ دہشت گردوں نے اسے شہید کر دیا‘صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں پنجابی مسافروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے بلوچستان میں مسافروں کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بس سے اتار کر معصوم شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا، یہ بربریت فتنہ الہندوستان کی پاکستان میں خونریزی کی گھنائونی سازش ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ فتنہ الہندوستان پاکستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانا چاہتا ہے، ہم اپنی سرزمین کو فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں سے ہر صورت پاک کریں گے ،  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں قتل ہونے والے بے گناہ افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔