سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کی فیسٹیو ماڈلنگ پر سوشل میڈیا پر تنقید

سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کی فیسٹیو ماڈلنگ پر سوشل میڈیا پر تنقید

پاکستانی ٹی وی کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کی حالیہ فیسٹیو لک میں ماڈلنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔

شگفتہ اعجاز، جو پی ٹی وی کے کلاسک ڈراموں میں اپنی یادگار اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں اور مقبول سٹ کام بلبلے میں بھی اہم کردار ادا کر چکی ہیں، ان دنوں برطانیہ میں اپنے بچوں کے ساتھ چھٹیاں گزار رہی ہیں۔حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ریِل شیئر کی جس میں وہ ہلکے پیسٹل موو رنگ کے فرنٹ اوپن انارکلی اسٹائل لباس میں ماڈلنگ کرتی نظر آئیں۔ اس لباس پر سلور ایمبرائیڈری اور نفیس سیکوئن ورک کیا گیا تھا جبکہ میچنگ دوپٹہ اور خوبصورت جیولری نے ان کے فیسٹیو لک کو مکمل کیا۔

تاہم یہ ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کو خوش نہ کر سکی۔ متعدد افراد نے اس بات پر تنقید کی کہ شگفتہ اعجاز نے اپنے بھائی کے حالیہ انتقال کے بعد اس نوعیت کی ریِل کیوں شیئر کی۔ بعض صارفین نے ان کی ذاتی زندگی کے غم و صدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شوہر کے انتقال کو صرف ایک سال اور بھائی کے انتقال کو چند ماہ ہی گزرے ہیں، مگر ان کی پوسٹ سے غم کا کوئی تاثر نظر نہیں آتا۔

کچھ صارفین نے عمر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بطور سینئر اداکارہ انہیں اپنی عمر اور مقام کے مطابق رویہ اختیار کرنا چاہیے، جبکہ دیگر نے اسے محض پیسے کی خاطر کیا گیا عمل قرار دیا۔ یہاں تک کہ چند تبصروں میں انہیں ماڈلنگ کے بجائے مذہبی سرگرمیوں کی طرف توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ اس معاملے نے ایک بار پھر شوبز شخصیات کی ذاتی زندگی اور سوشل میڈیا پر ان کے اظہار کے حوالے سے بحث چھیڑ دی ہے۔