انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کے میچز کے لیے بھارت میں دو متبادل وینیوز تجویز کرنے کا پلان تیار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی رواں ہفتے پیر یا منگل کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی درخواست پر جواب دے گا، جس میں بی سی بی نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔رپورٹس کے مطابق آئی سی سی اس درخواست کو منظور کرنے کے موڈ میں نہیں ہے اور چنئی اور ترواننت پورم کو متبادل وینیوز کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔ بی سی بی کا مؤقف ہے کہ سیکیورٹی سے مکمل یقین دہانی کے بغیر ٹیم بھارت نہیں بھیجے گی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے گروپ مرحلے کے میچز فی الحال کولکتہ اور ممبئی میں شیڈول ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے ہی بھارت جانے سے انکار کر دیا ہے اور پاکستان کے میچز کولمبو، سری لنکا میں ہوں گے۔ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز میں چار ہفتے سے کم وقت باقی ہے، اس لیے آئی سی سی اس تنازع کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے انتظامات متاثر نہ ہوں۔