انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ میچز سے متعلق بنگلا دیش کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے تمام طے شدہ میچز بھارت میں ہی کھیلے جائیں گے، جبکہ میچز کھیلنے سے انکار کی صورت میں بنگلا دیش کو پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس اور ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے سکیورٹی اور دیگر خدشات کی بنیاد پر بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میچز کسی تیسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم آئی سی سی نے اس مؤقف کو قبول نہیں کیا۔رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے واضح مؤقف اپنایا ہے کہ ورلڈ کپ کے تمام شیڈول میچز بھارت میں ہی منعقد ہوں گے اور کسی قسم کی وینیو تبدیلی ممکن نہیں۔ آئی سی سی نے بی سی سی آئی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے بنگلا دیش کو بھارت جا کر میچز کھیلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ اگر بنگلا دیش ٹیم میچز کھیلنے سے انکار کرتی ہے تو اسے ورلڈ کپ پوائنٹس سے محروم کیا جا سکتا ہے، جس کا براہ راست اثر ٹورنامنٹ میں ٹیم کی مجموعی پوزیشن پر پڑے گا۔