حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے ہوا،گاڑی میں سوار افراد شادی کی تقریب سے سے واپس آرہے تھے ، جاں بحق افراد میں خواجہ سرا بھی شامل
قصور (آئی این پی ) قصور میں ایک کیری ڈبہ نالے میں گرنے سے 8افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے۔ریسکیوحکام کے مطابق حادثہ رائے ونڈ روڈ پر کھارا موڑ کے قریب پیش آیا، حادثہ کیری ڈبے کے ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے ہوا، حادثے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مقصود، سنی، سلیم، عمران، لائبہ شامل ہیںجبکہ3افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ریسکیو عملے نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو اور دونوں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار افراد شادی کی تقریب سے سے واپس آرہے تھے ، جاں بحق افراد میں خواجہ سرا بھی شامل ہے۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کیری ڈبہ روہی نالہ پر جنگلہ نہ ہونے کے باعث نیچے گرا جس سے اموات ہوئیں۔