گوجرانوالہ سمیت 7اضلاع میں وائلڈ لائف نے کارروائیاں کیں ، سوا چار لاکھ جرمانہ کردیا ،مقدمات بھی درج
لاہور ( خصوصی رپورٹ)صوبہ بھر میں تحفظ شدہ جنگلی جانوروں اور پرندوں کی بازیابی و ریسکیو کا عمل م ئوثر انداز میں جاری ہے۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران وائلڈ لائف رینجرز نے ایک ہوٹل سے پاڑہ ہرن کا گوشت اور کھال بر آمد کرنے کے علاوہ ایک بندر کو ریسکیو کیا، جبکہ تیتر اور کلیج فیزنٹ کے 11 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے سوا چار لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ نے اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سیالکوٹ محمد قاسم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر موٹروے کے قریب واقع ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر پاڑہ ہرن کا گوشت اور کھال بر آمد کی۔ ہوٹل مالک کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے خلاف تھانہ ستراہ میں مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ گوجرانوالہ میں مزید کارروائیوں کے دوران سانڈوں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے درجن بھر مفلوج سانڈھے بر آمد کیے گئے اور متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرائے گئے۔