چار شکاریوں کو جرمانہ، ایک کے خلاف ایف آئی آر، وائلڈلائف رینجرز نے موثر کارروائی کی
لاہور(زیڈ این این) پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات کپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی کی ہدایات پر وائلڈلائف رینجرز کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔چیف وائلڈلائف رینجر مبین الٰہی کی زیر قیادت مختلف آپریشنز کے دوران ایک نایاب جنگل کیٹ اور ایک مادہ پاڑہ ہرن کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا، جبکہ تیتر، مرغابی اور جنگلی سور کے غیرقانونی شکار میں ملوث پانچ شکاری رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔ ریسکیو کیے جانے والے دونوں جانوروں کو ضروری طبی امداد کے بعد قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا گیا۔گوجرانوالہ ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز نے تحصیل ظفر وال میں بچہ مادہ پاڑہ ہرن کو ریسکیو کرکے بنہال پبلک وائلڈلائف ریزرو میں آزاد کیا۔ اسی طرح، وائلڈلائف رینجرز نے کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیرقانونی شکار میں ملوث چار شکاری گرفتار کیے اور انہیں 80 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کے طور پر جرمانہ کیا۔میانوالی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر رانا محمد اشفاق نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک شکاری کے قبضہ سے ذبح شدہ دو درجن تیتر اور ایک درجن مرغابیاں برآمد کیں اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی۔ بہاولنگر میں آکاش ناتھن کی کوششوں سے بھی ایک جنگل کیٹ بحفاظت ریسکیو کر کے واپس قدرتی ماحول میں آزاد کر دی گئی۔یہ کامیاب کارروائیاں وائلڈلائف رینجرز کی مؤثر نگرانی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔