کینال روڈ پر اسلحہ کی نمائش ، ہوائی فائرنگ ،ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)مین کینال روڈ پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔چوکی راجہ مارکیٹ پولیس کے مطابق ملزم سرعام ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کر رہا تھا جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ چوکی انچارج علی چوہدری نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے کینال روڈ سے ملزم بلال کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ناجائز پستول اور گولیاں برآمد کر لیں۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کامیاب کارروائی پر ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے چوکی انچارج علی چوہدری اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ایس پی شہربانو نقوی نے کہا کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔