2سال میں 3 ارب 33 کروڑ کی گیس چوری

 صنعتیں، گھریلو اورکمرشل صارفین ملوث،چوری کے2لاکھ 24ہزار کیس، واقعات میں کمی متوقع ہے :وزارت پٹرولیم 
 اسلام آباد (بیورو رپورٹ)دو سالوں کے دوران گیس چوری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2023-24 اور 2024-25 میں مجموعی طور پر 3 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد کی گیس چوری ریکارڈ کی گئی۔ دستاویزات کے مطابق ان دو سالوں میں 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد گیس چوری کے واقعات ہوئے، جو صنعتی، کمرشل اور گھریلو صارفین کی جانب سے سرزد ہوئے، مجموعی طور پر 1994 ایم ایم سی ایف ڈی گیس چوری ہوئی۔مالی سال 2023-24 میں 1 ارب 39 کروڑ روپے (911 ایم ایم سی ایف ڈی)کی چوری ہوئی جبکہ مالی سال 2024-25 میں یہ بڑھ کر 1 ارب 93 کروڑ روپے (1083 ایم ایم سی ایف ڈی) تک پہنچ گئی۔ گیس چوری کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا، مالی سال 2023-24 میں 74595 اور مالی سال 2024-25 میں 149500 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔وزارت پٹرولیم نے بتایا کہ گیس چوری روکنے کیلئے ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل کارروائیاں کر رہی ہیں جن میں ایف آئی آرز کا اندراج اور سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہے۔ اس اقدام سے مستقبل میں گیس چوری کے واقعات میں کمی متوقع ہے۔