بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ معیشت، زراعت، توانائی، معدنیات اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات کو بڑھایا جائے گا ‘ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا مشترکہ عزم ہے،وزیراعظم
افغان حکومت پاکستان کے سیکورٹی خدشات دور کرے‘پاکستان جنوبی ایشیا میں کرغزستان کا اہم شراکت دار ،معاہدے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کریں گے، دونوں ملک دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں:کرغز صدر
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور کرغزستان نے کہا ہے افغان حکومت عالمی برادری سے کیے وعدے پورے اور پاکستان کے سیکیورٹی خدشات دور کرے، پاکستان آئندہ دو سال میں کرغزستان سے تجارتی حجم 200 ملین ڈالر تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے،دونوں ممالک کے درمیان توانائی، معدنیات، تجارت، تعلیم، قانون و انصاف، ثقافت اور سیاحت پر 15 ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں جبکہ آئندہ دو سال میں تجارت کا حجم 200 ملین امریکی ڈالر تک لانے پر اتفاق کیا گیا، بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ بھی ہوا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کی جمعرات کو وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ دو طرفہ مذاکرات میں وزیراعظم کی معاونت ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف، سمیت دیگر اہم وفاقی وزرا اور سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم ہائو س اسلام آباد میں کرغزستان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب ہوئی، جس میں کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف اور وزیراعظم شہباز شریف شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کے درمیان بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ ہوا ہے‘ وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرغزستان کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کرغزستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرغز صدر صادرژاپاروف کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی جانب سے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ معزز مہمان صادرژاپاروف دو دہائیوں بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے کرغزستان کے صدر ہیں، یہ دورہ مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے کیلئے اہمیت کا حامل ہے، 1992 میں سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات پروان چڑھے۔شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعاون، علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی، ہم نے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے، توانائی، تجارت، روابط کے فروغ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔اس موقع پر کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کی دعوت پر وزیراعظم شہبازشریف کا مشکور ہوں، بھرپور مہمان نوازی اور شانداراستقبال پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکر گزار ہوں، پاکستان کرغزستان کا قابل اعتماد دوست ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں کرغزستان کا اہم شراکت دار ہے، معاشی استحکام و ترقی کیلئے کاوشیں شہباز شریف کے وژن کی عکاس ہیں، انہوں نے کہا افغانستان پاکستان کے سیکورٹی خدشات دور کرے‘خطاب کے آخر میں صدر کرغزستان صادر ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف کو کرغزستان کے دورے کی دعوت بھی دی