آزاد کشمیر میں معمولات زندگی بحال، پرتشدد احتجاج کی کال مسترد

مظفرآباد، میرپور، کوٹلی اور بھمبر سمیت مختلف شہروں میں بازار اور کاروباری مراکز کھلے رہے
  مظفر آباد( آن لائن )آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہو گئے ہیں، جبکہ شہریوں نے مبینہ طور پر کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی پرتشدد احتجاج کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔مظفرآباد سمیت کوٹلی، میرپور اور بھمبر کے مختلف اضلاع میں کاروباری مراکز، مارکیٹس اور دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں، جس کے باعث روزمرہ سرگرمیاں جاری رہیں۔دارالحکومت مظفرآباد کے مرکزی تجارتی مرکز مدینہ مارکیٹ میں بھی کاروباری سرگرمیاں بحال نظر آئیں، جہاں خریدو فروخت اور تجارتی سرگرمیوں میں کسی قسم کا تعطل رپورٹ نہیں ہوا۔مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں سماجی سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق جاری ہیں اور شہری اپنی روزمرہ زندگی سکون کے ساتھ گزار رہے ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ شہریوں نے پرامن رویہ اختیار کرتے ہوئے احتجاج کی کال کو مسترد کر کے اپنے باشعور اور ذمہ دار شہری ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔