ملک میں سردی کی شدید لہر جاری، ہنزہ میں پارہ منفی 20 ڈگری ریکارڈ

شدید دھند ، موٹرویز بند، لاہور میں فلائٹ شیڈول بھی جزوی متاثر ،موسم سرد اور خشک رہے گا
اسلام آباد،لاہور،پشاور،کراچی(آئی این پی )ملک بھر میں شدید ٹھنڈ کی لہر جاری، ہنزہ میں پارہ منفی 20 ڈگری تک پہنچ گیا،شدید دھند کے باعث موٹرویز بند جبکہ لاہور میں فلائٹ شیڈول بھی جزوی متاثر ہوگیا،محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کر دی۔عالمی موسمی ویب سائٹ کے مطابق ہنزہ میں کم سے کم منفی 20 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اتوار کی صبح سویریکوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں 2 ڈگری، لاہور میں 3، پشاور میں 4 اور کراچی میں 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر سندھ، پنجاب اورخیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہے۔لاہور میں دھند کے باعث فلائٹ شیڈول جزوی متاثر ہے، بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔دھند کے سبب حد نگاہ کم ہونے پر ایم2 ٹھوکرنیازبیگ سے چکری ، ایم 3 فیض پور سیدرخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے شیرشاہ تک بند ہے۔اس کے علاوہ ایم5 شیر شاہ سے سکھر، ایم 14 انجراسے عیسی خیل تک بند ہے۔ سیہون سے لاڑکانہ تک مختلف مقامات پرحدِ نگاہ 10سے30 میٹر رہ گئی ۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں شدید سردی اور کہرا پڑنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر  اضلاع میں موسم سرد، شمالی اضلاع میں شدید سردی کی توقع ہے، بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، کیچ اور تربت میں بارش ہونے کی توقع ہے۔سندھ کے مختلف اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام اور موہنجوداڑو میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد، پہاڑی علاقوں میں شدید ٹھنڈ کا امکان ہے، پشاور، مردان، نوشہرہ، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ، صوابی اور گرد و نواح میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔