ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ، پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا

بالائی علاقوں میں دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں، ملک کے اکثر علاقوں میں موسم مزید سرد رہنے کا امکان
 لاہور (آئی این پی )ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے، پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا۔بالائی علاقوں میں دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں، لہہ میں پارہ منفی 10اور کالام میں منفی 9تک گر گیا، قلات، استور میں منفی 8، کوئٹہ، گوپس، زیارت میں منفی 7تک آ گیا، سکردو، دروش، چترال اور ہنزہ میں پارہ منفی 4ریکارڈ کیا گیا۔آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی، قلات، وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی متاثر مفلوج ہو گیا۔ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، گلگت بلتستان میں منجمد خلتی جھیل پر آئس ہاکی کے مقابلوں کا اعلان کیا گیا ہے، جمی ہوئی جھیل پر بچوں نے آئس ہاکی کی پریکٹس کی۔ ادھر کراچی میںبھی سردی کی شدت برقرار ہے پارہ 7سے 9 ڈگری تک رہنے کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات سے ہوائوں کی سمت تبدیل ہوگی، جس کے بعد رات اور دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات نے ملک کے اکثر علاقوں میں موسم مزید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت برقرار رہے گی۔