بنگلہ دیش میں ہونے والے انتخابات کے دوران خولنا شہر کے پولنگ سینٹر کے باہر بی این پی (بنگلہ دیش نیشنل پارٹی) کے رہنما محیب الزمان کوچی جاں بحق ہو گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح آٹھ بج کر دس منٹ پر پیش آیا۔ 55 سالہ محیب الزمان کوچی سابقہ آفس سیکرٹری خولنا سٹی یونٹ بھی رہ چکے تھے۔بی این پی کے مطابق، ان کی ہلاکت اس وقت ہوئی جب جماعت اسلامی کے ایک رہنما نے انہیں دھکیل دیا اور وہ ایک درخت سے ٹکرا گئے، جس سے ان کے سر پر شدید چوٹ آئی۔سابق تنظیمی سیکرٹری خولنا سدرانہ بی این پی، یوسف ہارون مجنو نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشن پر صبح سے کشیدگی تھی، اور جب جماعت اسلامی کے کارکنان کو روکا گیا تو محیب الزمان کوچی کو دھکیل دیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوئے۔دوسری جانب جماعت اسلامی کے سینٹر ڈائریکٹر محبوب الرحمان نے کہا کہ بی این پی کارکنان نے خواتین کو باہر نکالنے کی کوشش کی، جس پر انہوں نے انہیں روکا، تاہم بعد میں اطلاع ملی کہ ایک شخص اچانک بیمار ہو کر فوت ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت بی این پی اور جماعت اسلامی کے حامیوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی تھی، لیکن موقع پر پہنچ کر دونوں فریقوں کو الگ کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق کسی دھکے یا لڑائی کا ثبوت نہیں ملا۔اس دوران بی این پی کے رہنما طارق الرحمان کے حریف جماعت اسلامی کے امیدوار خالد الزمان نے ووٹنگ کے عمل میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا، جبکہ بی این پی کے طلبہ ونگ کے رکن زبیر نے کہا کہ صورتحال دو طرفہ تھی اور انہیں کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔