نئی دہلی/ڈھاکا: بھارت اور بنگلا دیش میں جاری مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔
سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات کے نتیجے میں بھارت میں 12 افراد جبکہ بنگلا دیش میں 8 بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی اور لاپتہ ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستیں مہاراشٹر، گجرات، کیرالہ، دہلی، راجستھان، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش شدید بارشوں سے متاثر ہیں۔ مہاراشٹر میں کچرے کا ڈھیر گرنے کے باعث 11 افراد ملبے تلے دب گئے، جبکہ کیرالہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 5 لاپتہ ہو گئے۔ادھر گجرات کے شہر سورت میں بارشوں سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔بھارتی محکمۂ موسمیات نے دہلی سمیت کئی علاقوں کے لیے یلو، اورنج اور ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مزید شدید بارش، آندھی، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔
دوسری جانب بنگلا دیش کے جنوبی ضلع کاکس بازار میں واقع روہنگیا مہاجر کیمپ میں شدید بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے ایک اسکول متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں 8 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔امدادی کارکنوں کے مطابق مٹی کا بڑا تودہ اسکول کی عمارت پر آ گرا، جس کے بعد ملبے تلے دبے 13 بچوں کو نکالا گیا، تاہم ان میں سے 8 جانبر نہ ہو سکے۔خبر رساں اداروں کے مطابق رواں ہفتے بنگلا دیش میں بارشوں سے ہونے والی دیگر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں بھی 8 روہنگیا مہاجرین جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔