بسنت کے بعد شہر بھر میں خصوصی سرویلنس کا آغاز کر دیا گیا

شاہدرہ میں فیکٹری میں آتشزدگی کی اطلاع ، ڈرون ٹیم نے فوری رسپانس دیا
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے بسنت کے بعد شہر بھر میں خصوصی سرویلنس کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ڈرونز اور جدید کیمروں کی مدد سے چھتوں، گلی محلوں اور حساس مقامات کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق پوسٹ بسنت خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ڈرون سرویلنس کے دوران امامیہ کالونی شاہدرہ میں پتنگ بازی کی نشاندہی کی گئی جس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ ٹیم کو دی گئی اور موقع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح سیف سٹی ڈرونز کے ذریعے سموگ، تجاوزات اور دیگر شہری خلاف ورزیوں کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں کی معاونت سے فوری ایکشن لیا جا رہا ہیڈیرہ گوجراں کے قریب ڈرون ٹیم نے ایک فیکٹری سے اٹھنے والے دھوئیں کی بروقت نشاندہی کی جس پر متعلقہ ادارے کو اطلاع دے کر کارروائی یقینی بنائی گئی۔ علاوہ ازیں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر شاہدرہ میں فیکٹری میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہونے پر ڈرون ٹیم نے فوری رسپانس دیا اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور معاونت فراہم  کی۔فیروزپور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ میں بھی ڈرونز کے ذریعے ٹریفک مسائل اور تجاوزات کی نشاندہی کی گئی جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی جرائم، ٹریفک کی روانی، پتنگ بازی اور دیگر شہری مسائل کی بروقت نشاندہی میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بسنت کے بعد پتنگ بازی سے مکمل گریز کریں، خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔