فیملی ایمبولینس میں طلائی زیورات، رقم سے بھرا پرس بھول گئی

لاہور (کرائم رپورٹر) ساہیوال سے علاج کی غرض سے لاہور آنے والی فیملی ایمبولینس میں اپنا طلائی زیورات اور نقد رقم سے بھرا پرس بھول گئی، جسے میو ہسپتال چوکی پولیس نے چند گھنٹوں کی کاوش سے تلاش کرکے متاثرہ خاندان کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق ایک فیملی ساہیوال سے ایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے لاہور آئی اور ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب اتر گئی۔ بعد ازاں ہسپتال پہنچنے پر معلوم ہوا کہ طلائی زیورات اور نقد رقم والا بیگ ایمبولینس میں ہی رہ گیا ہے۔ پریشان حال فیملی نے فوری طور پر چوکی انچارج میو ہسپتال سے رابطہ کیا اور مدد کی درخواست کی۔اطلاع ملنے پر چوکی میو ہسپتال پولیس نے ایمبولینس کا نمبر حاصل کر کے تلاش شروع کر دی۔ پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس کو اس کے نمبر کی مدد سے ٹریس کر لیا اور چند گھنٹوں کی محنت کے بعد خاتون کا پرس برآمد کرکے بحفاظت ورثا کے حوالے کر دیا۔ایس پی سٹی بلال احمد نے بروقت اور مؤثر کارروائی پر انچارج چوکی میو ہسپتال سب انسپکٹر نصیر اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ اس موقع پر ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔پرس میں موجود طلائی زیورات اور نقد رقم بحفاظت واپس ملنے پر فیملی نے میو ہسپتال چوکی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔