وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈیجیٹل ٹریفک چالان ون ایپ کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈیجیٹل ٹریفک چالان ون ایپ کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل ٹریفک چالان ’ون ایپ‘ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

ترجمان کے مطابق ملک میں پہلی بار شواہد پر مبنی جدید ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت ٹریفک چالان ویڈیو ثبوت کے ساتھ جاری کیے جائیں گے، جبکہ خلاف ورزیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ اور قابلِ تصدیق ہوگی تاکہ کسی بھی تنازع کی صورت میں واضح شواہد موجود ہوں۔سسٹم کے ذریعے موقع پر شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور چوری شدہ گاڑیوں کی تصدیق ممکن ہوگی۔ اس کے علاوہ گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی فوری ویری فکیشن بھی کی جا سکے گی۔ ترجمان کے مطابق تجاوزات اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر بھی ڈیجیٹل کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انٹیگریٹڈ نظام کے تحت ای چالان کے ساتھ ایف آئی آر اسٹیٹس، سیور اور کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا سکے گا۔ دوسرے مرحلے میں پوائنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا جبکہ سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کے اندراج کی بھی گنجائش ہوگی۔ شہریوں کو ٹریفک خلاف ورزی کی تفصیلات کیو آر کوڈ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ڈی آئی جی محمد وقاص نذیر کے مطابق ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے شفاف اور بلا امتیاز انفورسمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔