فرنٹیئر کور کی فلاحی سرگرمیاں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں عوامی خدمات کا دائرہ وسیع

اسلام آباد (آن لائن) فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا اور بلوچستان نے اپنی فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے عوامی خدمات میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) نے ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں ایک مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں 1200 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا۔ اس کیمپ کے دوران، مریضوں کو مفت ادویات اور نظر کی عینک بھی فراہم کی گئیں۔اسی طرح، فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) نے جنوبی بلوچستان میں 298 فری میڈیکل کیمپس کے دوران تقریباً 18,000 مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کیں۔ علاوہ ازیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے 48 کھلی کچہریوں اور جرگوں کا انعقاد کیا گیا، اور نوجوانوں کیلئے 38 اسپورٹس ٹورنامنٹس کا بھی شاندار انعقاد کیا گیا۔مقامی شہریوں کی جانب سے فرنٹیئر کور کے ان فلاحی کاموں اور امن و امان کے قیام کو بھرپور سراہا جا رہا ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ فرنٹیئر کور کی عوامی خدمت کا جذبہ ہر سطح پر نمایاں ہے۔