پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے زیرِ اہتمام سوات پریمیئر کرکٹ لیگ سیزن 8 کا شاندار آغاز

 مینگورہ کے گراسی گراؤنڈ میں افتتاحی تقریب، قومی کرکٹ ہیرو عبدالرزاق، آئی جی ایف سی، مقامی عمائدین، تاجروں اور نوجوانوں کی شرکت
سوات ( سپورٹس ڈیسک) کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور مقامی ٹیلنٹ کو قومی سطح پر متعارف کرانے کے عزم کے تحت پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے تعاون سے سوات پریمیئر کرکٹ لیگ سیزن 8 کا مینگورہ کے تاریخی گراسی گراؤنڈ میں شاندار آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں قومی کرکٹ ہیرو عبدالرزاق، آئی جی ایف سی، مقامی مشران، تاجر برادری، نوجوانوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔سوات پریمیئر کرکٹ لیگ کو مالاکنڈ ڈویڑن کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ قرار دیا جاتا ہے، جس میں ملک بھر سے نامور کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ لیگ کے انعقاد کا مقصد علاقے میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینا، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا اور مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران شرکاء نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے اس طرح کے ایونٹس کو اہم قرار دیا۔سوات پریمیئر کرکٹ لیگ نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا مؤثر پلیٹ فارم ہے بلکہ علاقے میں کھیلوں کے فروغ، مثبت سماجی سرگرمیوں اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ٹورنامنٹ 11 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران کرکٹ شائقین کو مختلف ٹیموں کے درمیان دلچسپ، سنسنی خیز اور یادگار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔سوات میں اس بڑے کرکٹ ایونٹ کا انعقاد کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور علاقے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔