فلسطین کے صدر محمود عباس کا عبوری آئین کا مسودہ شائع کرنے کا فیصلہ

صدارتی فیصلے کا مقصد آئینی دستاویز کی تیاری میں سماجی شرکت کے دائرے کو وسیع کرنا ہے
مقبوضہ بیت المقدس(آئی این پی )فلسطین کے صدر محمود عباس نے عبوری آئین کا مسودہ شائع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔عالمی میڈیا  رپورٹ کے مطابق فلطسین کے صدر محمود عباس کی طرف سے جاری صدارتی فیصلے کا مقصد آئینی دستاویز کی تیاری میں سماجی شرکت کے دائرے کو وسیع کرنا ہے جس کے تحت شہریوں، سول سوسائٹی کے اداروں، سیاسی قوتوں، تجزیہ کاروں اور ماہرین تعلیم کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ فیصلے کی اشاعت کی تاریخ سے 60 دنوں کے دوران مسودے پر اپنے مشاہدات اور تجاویز پیش کریں۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عبوری آئین کی تیاری کے لئے  بنائی گئی کمیٹی سے وابستہ کوآرڈینیشن اور ڈرافٹنگ کمیٹی ان مشاہدات کو وصول کرنے، انہیں ترتیب دینے اور ان کا مطالعہ کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔رپورٹ کے مطابق ان کی درجہ بندی آئینی  اصولوں سے متعلق بنیادی مشاہدات اور تنظیم سے متعلق فنی مشاہدات میں کی جائے گی تاکہ مفاد عامہ اور قومی اتفاق رائے کے مطابق ضروری ترامیم کی جا سکیں، کمیٹی مشاہدات اور سفارشات کے مطالعے کے نتائج پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ بھی تیار کرے گی